اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف تین روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے کوئی ’’وش لسٹ‘‘ نہیں دی، یمن کا مسئلہ پرامن طور پر حل ہو، یہ ہم بھی چاہتے ہیں اور سعودی قیادت بھی، حکومت کی معاشی پالیسیاں اثر دکھا رہی ہیں، پاکستان کے حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، برطانیہ ہمارا قریبی دوست ہے، اس کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ اچھے اور مضبوط تعلقات ہیں، سعودی حکمراں نے مطالبات پر مبنی کوئی لسٹ نہیں دی، ان کے ساتھ تعلقات مزید بہتر ہونے چاہئیں۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سرحد کو کوئی نقصان ہوا تو کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے، اس کے استحکام کو خطرہ ہوا تو ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان کامیاب رہا، چین کے صدر دھرنوں کی وجہ سے پہلے پاکستان نہیں آسکے تھے، اب وہ بہت بڑی سرمایہ کاری ساتھ لے کر آئے، چین نے۴۶ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدےکئے، چین کی طرف سے کی جانے والی سرمایہ کاری کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔
وزیراعظم کا میڈیا کے حوالے سے کہنا تھا کہ میڈیا مصالحے دار چیزیں بتاتا ہے، بجلی کی قیمتیں کم ہوئیں وہ بھی عوام کو بتائیں، چینی سرمایہ کاری سے بےروزگاری کا خاتمہ ہوگا، ترقی ہوگی، پاکستان کی ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے، گوادر سے نوابشاہ تک ایل این جی کی لائن لگے گی، خنجراب سے مانسہرہ سے سڑک بنے گی، معاشی راہداری کے اثرات پورے ملک میں مرتب ہوں گے، معیشت بہتر ہوگی تو بیرون ملک پاکستانیوں کا سر بھی فخر سے بلند ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف نے بتایا کہ پورٹ قاسم میں بجلی کے نئے منصوبے لگائے جا رہے ہیں، چینی ورکرز کی حفاظت کے لئے فورس بنائی جا رہی ہے، حاسدین ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ این اے ۲۴۶ کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انسان کو سوچ سمجھ کر کودنا چاہیے، عام انتخابات میں ننکانہ صاحب کی نشست ہم نے ۵ ہزار ووٹوں سے جیتی، ضمنی انتخابات میں ننکانہ کی نشست ۳۸ ہزار ووٹوں سے جیتی، این اے ۲۴۶ میں بھی ننکانہ صاحب والی بات ہوئی ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف پانچ روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے، آج برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سے ملیں گے۔ کہتے ہیں سعودی عرب نے کوئی وش لسٹ نہیں دی۔ سالمیت کو خطرہ ہوا تو ساتھ کھڑے ہوں گے، نواز شریف کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس کی قلت ختم ہونے والی ہے۔ اقتصادی راہداری کا فائدہ کسی ایک کو نہیں چاروں صوبوں کو ہوگا۔ برطانیہ کے پانچ روزہ دورے پر لندن پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات میں ہم آہنگی ہے، سعودی حکام سے ملاقاتیں بہت مثبت رہیں، کوئی دباؤ نہیں ڈالا، نہ ہی مطالبات کی کوئی فہرست دی۔ سالمیت کو خطرہ ہوا تو کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوں گے۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی حالات بہتر ہو رہے ہیں، چینی صدر بہت بڑی سرمایہ کاری لے کر آئے، ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری کا فائدہ کسی ایک کو نہیں چاروں صوبوں کو ہوگا، تاہم پاکستان سے حسد کرنے والے ترقی کا سفر سبوتاژ کر سکتے ہیں، جنہیں ناکام بنائیں گے۔ چینی صدر کے دورے میں تاخیر دھرنوں کی وجہ سے ہوئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا میڈیا مصالحے دار چیزیں زیادہ دکھاتا ہے، بجلی اور پٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں وہ بھی تو عوام کو بتائیں، پاکستان میں مہنگائی چار سال کی کم ترین سطح پر آگئی، وزیراعظم نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو انڈسٹری لگانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بجلی اور گیس کی قلت ختم ہونے والی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ گوادر بین الاقوامی شہر بننے جا رہا ہے، پورٹ قاسم پر بجلی کے نئے منصوبے شروع کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169